واشنگٹن :(ہمگام نیوز)امریکا اور قابض ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور فوجی تصادم کے پھیلاﺅ کے پیش نظر امریکی حکومت نے مشرق وسطیٰ کے پندرہ ممالک میں موجود اپنے شہریوں کے لیے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے ان ممالک میں مقیم تمام امریکی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیکیورٹی کے سنگین خطرات کے باعث دستیاب کمرشل پروازوں کے ذریعے فوری طور پر ان علاقوں سے نکل جائیں۔ جن ممالک کے لیے یہ انتباہ جاری کیا گیا ہے ان میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، بحرین، عمان، مصر، اردن، لبنان، عراق، قابض ایران، اسرائیل، یمن، شام اور فلسطین کے علاقے شامل ہیں۔
حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے امریکی حکام نے منگل کے روز قطر، کویت، بحرین، عراق اور اردن سے اپنے غیر ضروری سرکاری عملے اور ان کے اہل خانہ کو بھی ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی خطے میں کئی امریکی سفارتی مشن عارضی طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔















