کراچی (ہمگام نیوز ڈیسک) ہمگام نیوز مانیٹرنگ ڈیسک رپورٹس کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 4 روپے 10 پیسے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ڈالر کی قیمت 157 روپے 20 پیسے سے بڑھ کر 161 روپے 30 پیسے کی ہوشربا حد تک پہنچ گئی۔ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی طلب میں اضافے کے باعث اس کی قدر میں اضافہ ہوا۔
دوسری جانب کرنسی ڈیلرز نے ڈالر کی قدر میں اچانک اضافے پر بتایا کہ طلب میں غیرمعمولی اضافے کے باعث ڈالر کی قیمت بڑی اور توقع ہے کہ کاروباری مصروفیات کے اختتام تک ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ ہوجائے گا ۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے وسط میں بھی انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 157 روپے تک پہنچ گئی تھی۔
کرنسی ڈیلرز نے ڈالر کی قدر میں اضافے کی وجہ مالی سال کے اختتام کو قرار دے دیا تھا۔کرنسی مارکیٹ کے ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف سے پاکستان کے معاہدے کی خبروں کے بعد روپے پر دباؤ کے باعث ڈالر مہنگا ہوا ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کے آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کی خبریں گردش کررہی تھیں ۔ ڈالر کی اونچی اُڑان پر معاشی تجزیہ کاروں نے بھی سخت تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا ،جس کا برائے راست بوجھ عوام پر پڑے گا۔
واضح رہے کہ تاحال پاکستان کے نیشنل اسمبلی نے مالی سال 20-2019ء کا بجٹ بھی منظور نہیں کیا اورایوان میں بجٹ پیش کیے جانے سے اب تک ڈالر کا ریٹ لگ بھگ 5روپے بڑھ چکا ہے ۔ان کے مطابق مالی سال کے اختتام کی تاریخ 30 جون قریب پہنچ رہی اور ساتھ ہی بہت سے ملٹی نیشنل کمپنیاں اپنا تمام منافع پاکستان سے باہر بھیج رہی ہیں ۔