دہلی(ہمگام نیوز ڈیسک ) انڈیا کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ سشما سوراج دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئیں ہیں۔
67 سالہ سشما سوراج کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسر (ایمس) میں منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہیں ہوسکیں۔
سشما سوراج کے انتقال کو انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے ’ذاتی نقصان‘ قرار دیا ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں نریندر مودی نے سشما سوراج کے اہلخانہ سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ انڈیا کے لیے ان کے کام کو دل سے یاد رکھا جائے گا۔
سشما سوراج نے 25 برس کی عمر میں سیاست میں قدم رکھا۔ وہ انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے پہلے دور حکومت میں وزیرخارجہ رہیں تاہم سنہ 2019 کے انتخابات میں انھوں نے صحت کی ناسازی کی وجہ سے حصہ نہیں لیا تھا۔
سشما سوراج سنہ 1998 میں دہلی کی وزیراعلیٰ بھی رہیں اور انہیں دہلی کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہونے کا اعزاز حاصل تھا۔
بطور وزیرخارجہ وہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کافی متحرک تھیں۔ وہ بیرون ملک پھنسے شہریوں کی مدد اور لوگوں کو ان کے پاسپورٹ دلوانے میں اکثر مدد کیا کرتی تھیں۔
انتقال سے چند گھنٹے قبل ہی سشما سوراج نے اپنی آخری ٹوئٹ میں وزیراعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا تھا کہ میں اپنی زندگی میں اس دن کی منتظر تھیں البتہ انھوں نے یہ نہیں بتایا تھا کہ وہ کس بات پر نریندر مودی کی شکر گزار ہیں۔