احمد آباد (ہمگام نیوز) ایئر انڈیا کا ایک مسافر طیارہ احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق انڈیا کے وفاقی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ حادثے میں ’بہت سے افراد‘ کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔

روئٹرز کے مطابق جمعرات کو انڈیا کے نیوز چینلز نے رپورٹ کیا کہ ملک کے مغربی شہر احمد آباد میں مسافر طیارے کو حادثہ پیش آیا ہے، تاہم حادثے میں جانی نقصان کے حوالے سے نہیں بتایا گیا۔

ایئر انڈیا نے ایکس پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسافر طیارہ احمد آباد سے لندن جا رہا تھا جبکہ پولیس کے مطابق طیارہ شہری آبادی پر گرا ہے۔

ایئرانڈیا کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے پر سوار مسافروں میں 169 انڈین شہری، 53 برطانوی شہری، پرتگال کے سات شہری اور کینیڈا کا ایک شہری شامل ہیں۔

انڈین وزارت برائے ایوی ایشن کے مطابق طیارے پر مجموعی طور پر 242 افراد سوار تھے جن میں دو پائلٹ اور عملے کے دس اراکین شامل ہیں۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں حادثے کی جگہ سے دھویں کے بادل اُٹھتے دکھائی دے رہے ہیں تاہم ان ویڈیو فوٹیجز کی تصدیق ہونا باقی ہے۔

ایک نیوز چینل پر دکھائی گئی ویڈیو میں طیارے کو اڑان بھرتے ہوئے رہائشی علاقے میں دیکھا جا رہا ہے اور پھر وہ اچانک منظر سے غائب ہوتا ہے جس کے بعد وہاں دھویں کے کثیف بادل آسمان کی جانب اُٹھتے نظر آتے ہیں۔

احمد آباد ایئر ٹریفک کنٹرول کے مطابق مسافر طیارے نے مقامی وقت دن ایک بج کر 39 منٹ پر اُڑان بھری اور اس کے فوری بعد ہنگامی ’مے ڈے‘ کی کال موصول ہوئی جس کے ساتھ ہی اس سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

فلائٹ ریڈار24 کی ویب سائٹ نے بھی بتایا ہے کہ طیارے کے اُڑان بھرنے کے چند سیکنڈز بعد اس کے سگنلز آنا بند ہو گئے۔

ویب سائٹ کے مطابق گرنے والا طیارہ بوئنگ کا 787 ڈریم لائنر تھا۔ رابطہ کرنے پر بوئنگ کی جانب سے فوری طور پر جواب نہیں دیا گیا۔

ٹیلی ویژن چینلز کی رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ ٹیک آف کر رہا تھا۔ ہوائی اڈے کے قریب ملبے کو آگ لگنے کے مناظر دکھائی دیے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق انہوں نے لوگوں کو سٹریچر پر منتقل کیے جانے اور ایمبولینسوں میں لے جانے کے مناظر دیکھے۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے ریاست گجرات کے پولیس کنٹرول روم کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ فلائٹ میں کل 242 افراد سوار تھے۔