تہران ( ہمگام نیوز ) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران کی بدنام زمانہ ایوین جیل میں قید دوہری شہریت (آسٹریلوی اور برطانوی) رکھنے والی خاتون کیلی مور گلبرٹ نے خودکشی کی کئی بار کوشش کی ہے۔ وہ جاسوسی کے الزام میں دس سال قید بھگت رہی ہیں۔
ایران کے انسانی حقوق کے کارکن رضا خاندان نے فیس بُک پر اپنے صفحے پر لکھا ہے کہ ’’ ایوین جیل سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کیلی مور گلبرٹ نے تین مرتبہ خودکشی کی کوشش کی ہے۔‘‘
رضا خاندان ایران کی انسانی حقوق کی معروف خاتون وکیل نسرین ستودہ کے شوہر ہیں۔ ان کی اہلیہ کو مجموعی طورپر 38 سال قید کی سزا اور 148 کوڑوں کی سزا سنائی گئی تھی۔
وہ لکھتے ہیں کہ مور گلبرٹ کو قید تنہائی میں رکھا جارہا ہے اور انھوں نے کئی مرتبہ خودکشی کی کوشش کی ہے۔حکام نے انھیں دوسری قیدی خواتین کے ساتھ وارڈ میں منتقل کرنے سے انکار کردیا ہے۔
رضا خاندان لکھتے ہیں کہ کیمبرج یونیورسٹی کی تعلیم یافتہ کو خوف ناک اور ناقابل برداشت حالات میں جیل میں رکھا جارہا ہے۔
انھیں دوسری خواتین قیدیوں کے ساتھ ابلاغ کی اجازت نہیں ہے۔ نہ وہ جیل کے اسٹور سے کوئی خریداری کرسکتی ہیں اور نہ انھیں کوئی شکایتی خط لکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔


