چھبار ( ھمگـام نیوز) آمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ ہفتے شروع ہونے والے ملا رجیم کے خلاف احتجاجی مظاہروں اور جلاؤ گھیراؤ میں اب تک ایران بھر میں ہزاروں افراد کو ایرانی سیکورٹی فورسز، پولیس اور پاسداران انقلاب نے گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مغربی مقبوضہ بلوچستان کے ساحلی علاقے چھبار میں موجودہ حکومت کے خلاف مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے عام لوگوں نے بھی سڑکوں پر نکل کر ریاستی دہشتگردی و مہنگائی کے خلاف اپنے سخت غم و غصے کا اظہار کیا، تاہم چھبار کے اس مظاہرے میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور اس احتجاج کو روکنے کے لیئے ایرانی پولیس نے تشدد کا راستہ اختیار کرکے کئی مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔
باخبر ذرائع کے مطابق گرفتار مظاہرین کی تاحال کوئی معلومات دستیاب نہیں کہ وہ اس وقت کس حال میں ہیں ؟ اور انہیں کس جیل میں کہاں کیسے رکھا گیا ہے؟
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ خدشات بڑھ رہے ہیں کہ ایرانی حکومت گرفتار مظاہرین کو ٹارچر سیلوں میں کہیں زہر دے کر قتل نہ کردے کیونکہ ماضی میں ان کی طرف سے ایسے کئی واقعات سامنے آئے ہیں جو ایرانی ملا ملٹری اپنے مخالفین کو یا تو روڈ حادثات میں ایکسیڈنٹ کر وا کر مارتا ہے یا انہیں کسی بھی طریقے سے زہر دے کر مار دیتا ہے۔تاکہ قتل کی اصل محرک کا پتہ نہ چل سکے۔