شنبه, نوومبر 23, 2024
Homeخبریںایران: موساد کے ساتھ تعاون کرنے پر 4 افراد کو سزائے موت...

ایران: موساد کے ساتھ تعاون کرنے پر 4 افراد کو سزائے موت سنا دی گئی

تہران ( ہمگام نیوز) ایرانی عدالت نے اسرائیلی خفیہ تنظیم موساد کے ساتھ تعاون اور اغوا کی کارروائیوں کے الزام میں 4 افراد کو سزائے موت سنا دی۔

ایران کی خبر ایجنسی ’مہر‘ کے مطابق ملزمان کو ایرانی سپاہ انقلاب اور وزارت انٹیلی جنس نے گرفتار کیا تھا۔ ان چار کے نام بھی بتائے گئے۔

مزید تین دیگر افراد کو مبینہ طور پر قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش، اغوا میں مدد اور ہتھیاروں کے غیر قانونی قبضے کے جرم میں 5 سے 10 سال کے درمیان قید کی سزائیں بھی سنائی گئی ہیں۔

واضح رہے ایرانی حکام اکثر غیر ملکی بالخصوص امریکہ اور اسرائیل کی انٹیلی جنس سروسز سے منسلک افراد کی گرفتاری کا اعلان کرتے ہیں۔

تخریب کاری اور قتل وغارت

گذشتہ اکتوبر میں ایران نے مغربی آذربائیجان میں اسرائیل کے لیے کام کرنے والے 10 ایجنٹوں کی گرفتاری کا اعلان کیا تھا۔ نیم سرکاری نیوز ایجنسی فارس نے رپورٹ کیا کہ یہ لوگ موساد کے افسران سے براہ راست ویڈیو رابطے میں تھے۔ ان ایجنٹوں نے سکیورٹی سروسز سے وابستہ لوگوں کی کاروں اور گھروں کو آگ لگا دی اور موساد کے افسران کو بھیجی گئی تصاویر کے عوض رقم وصول کی۔

ایران الزام عائد کرتا ہے کہ اس کی سرزمین پر ہونے والے بہت سے حملوں کے پیچھے اسرائیل کا ہاتھ ہے۔ ان کارروائیوں میں جوہری تنصیبات میں ہونے والی تخریب کاری اور کئی نامور ایرانی سائنسدانوں کا قتل شامل ہے۔

تہران نے حال ہی میں اسرائیلی اور مغربی انٹیلی جنس پر مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد ایران میں ہونے والے مظاہروں میں مداخلت اور انہیں مشتعل کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز