تہران(ھمگام نیوز) انسانی حقوق کی تنظیم ہینگاو کی تازہ ماہانہ رپورٹ کے مطابق جون 2026 کے دوران ایران کی مختلف جیلوں میں کم از کم 109 قیدیوں کو پھانسی دی گئی، جن میں پانچ سیاسی قیدی بھی شامل ہیں۔ گزشتہ سال جون 2025 کے مقابلے میں پھانسیوں کی تعداد میں 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جب 99 افراد کو سزائے موت دی گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق ہینگاو نے تمام 109 پھانسی پانے والے قیدیوں کی شناخت کی تصدیق کر لی ہے۔ ان میں تین خواتین بھی شامل تھیں۔ تبریز سے تعلق رکھنے والی افسانہ زندآبادی کو منشیات سے متعلق مقدمے میں جبکہ آسیہ فرہمند اور زینب زرینی کو اپنے مشترکہ شوہر کے قتل کے الزام میں قزوین سینٹرل جیل میں پھانسی دی گئی۔

ہینگاو کا کہنا ہے کہ 109 میں سے صرف 7 پھانسیوں یعنی تقریباً 6.5 فیصد کا اعلان ایرانی سرکاری ذرائع یا عدلیہ سے وابستہ ویب سائٹس پر کیا گیا، جبکہ 12 قیدیوں کو خفیہ طور پر ان کے اہل خانہ کو اطلاع دیے بغیر اور آخری ملاقات کا موقع فراہم کیے بغیر پھانسی دی گئی۔

پانچ سیاسی قیدیوں کو بھی سزائے موت

رپورٹ کے مطابق جون کے دوران پانچ سیاسی قیدیوں کو مختلف الزامات، جن میں “محاربہ” اور “جاسوسی” شامل ہیں، کے تحت پھانسی دی گئی۔ ان کے نام یہ ہیں:

اشکان مالکی، کرد سیاسی قیدی، یکم جون کو قزلحصار جیل، کرج میں پھانسی۔

مہرداد محمدی نیا، کرد سیاسی قیدی، یکم جون کو قزلحصار جیل، کرج میں پھانسی۔

فتح اللہ آوری، 6 جون کو ہمدان سینٹرل جیل میں پھانسی۔

جواد زمانی، 6 جون کو شاہرود سینٹرل جیل میں پھانسی۔

ابوالفضل ساعدی، 6 جون کو شاہرود سینٹرل جیل میں پھانسی۔

کن مقدمات میں سب سے زیادہ پھانسیاں؟

ہینگاو کے اعداد و شمار کے مطابق:

قتل عمد کے مقدمات: 54 افراد (49.5 فیصد)

منشیات سے متعلق مقدمات: 44 افراد

سیاسی اور جاسوسی کے مقدمات: 5 افراد

زیادتی کے مقدمات: 5 افراد

مسلح ڈکیتی: 1 فرد

نسلی و قومی بنیاد پر اعداد و شمار

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پھانسی پانے والوں میں:

فارسی النسل: 31، کرد: 18 ،بلوچ: 18

لر: 12، ترک: 10، گیلک و مازندرانی: 5

عرب: 5، افغان شہری: 5، ترکمان: 1

4 افراد کی نسلی شناخت کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

کن صوبوں میں سب سے زیادہ پھانسیاں ہوئیں؟

جون 2026 کے دوران ایران کے 24 صوبوں کی جیلوں میں سزائے موت پر عمل درآمد کیا گیا۔ سب سے زیادہ پھانسیاں درج ذیل صوبوں میں ریکارڈ کی گئیں:

اصفہان: 15، بلوچستان: 10، فارس: 9 ،ہمدان: 7 ،کردستان، یزد، خراسان رضوی اور البرز: 6، 6

خوزستان، سمنان اور شمالی خراسان: 5، 5 ،کرمانشاہ اور مشرقی آذربائیجان: 4، 4

مزید اطلاعات کے مطابق ہینگاو رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ جون 2026 میں ایران میں سزائے موت کے نفاذ میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں پھانسیاں سرکاری طور پر ظاہر نہیں کی گئیں، جبکہ بعض قیدیوں کو اہل خانہ کو اطلاع دیے بغیر خفیہ طور پر پھانسی دی گئی، جو شفافیت اور منصفانہ قانونی عمل سے متعلق سنگین خدشات کو جنم دیتا ہے۔