شنبه, جون 14, 2025
Homeخبریںایران پر اسرائیلی حملے کی پیشگی اطلاع تھی، صدر ڈونلڈ ٹرمپ

ایران پر اسرائیلی حملے کی پیشگی اطلاع تھی، صدر ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن (ہمگام نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں معلوم تھا کہ اسرائیل ایران پر حملہ کرنے جا رہا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ تہران ’جوہری بم نہیں حاصل کر سکتا۔‘

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ نے فوکس نیوز کو بتایا کہ ’ایران جوہری بم نہیں حاصل کر سکتا اور ہمیں مذاکرات کی میز پر واپس جانے کی امید ہے۔‘

صدر ٹرمپ کا فوکس نیوز پر یہ بیان ایران پر جمعے کی صبح ہونے والے اسرائیلی حملوں کے بعد سامنے آیا ہے جس میں جوہری اور فوجی تنصیبات سمیت ایک سو اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے فوکس نیوز کو مزید بتایا کہ انہیں حملے سے پہلے اسرائیلی آپریشن کے حوالے سے آگاہ کیا تھا۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ آپریشن میں نطنز میں واقع جوہری تنصیب کو نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق پاسدارن انقلاب کے سربراہ حسین سلامی اور مسلح افواج کے چیف آف سٹاف محمد بغیری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

فوکس نیوز نے اپنی رپورٹ میں صدر ٹرمپ کے حوالے سے یہ بھی کہا ہے کہ ’اگر ایران نے جواب دیا تو امریکہ اپنا اور اسرائیل کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہے۔‘

رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے مشرق وسطیٰ میں کم از کم ایک اہم اتحادی سے رابطہ کیا تھا کہ حملہ ہونے جا رہا ہے تاہم اس بات کا اعادہ کیا کہ امریکہ ملوث نہیں ہے۔

جمعرات کو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا تھا کہ امریکہ ’ایران کے خلاف حملوں میں ملوث نہیں ہے اور خطے میں امریکی افواج کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔‘

’میں یہ واضح کر دوں: ایران کو امریکی مفادات اور اس کے اہلکاروں کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔‘

صدر ٹرمپ آج جمعے کو قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز