تل ابیب (ہمگام نیوز) اسرائیل اور برطانیہ نے ایران کو جوہری طاقت بننے سے روکنے کے لیے مل کر کوششیں کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے کہا کہ انہوں نے اپنے برطانوی ہم منصب جیمز کلیورلی کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوئے ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

کوہن نے ٹویٹر پر کہا کہ “میں نے اپنے دوست برطانوی وزیر خارجہ سے خطے میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفت کے بارے میں بات کی اور ہم نے ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کے لیے ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے جوہری طاقت بننے سے پوری دنیا بالخصوص مشرق وسطیٰ اور خطے میں عدم استحکام پیدا ہو گا۔

کوہن نے مزید کہا کہ برطانوی وزیر خارجہ جلد ہی اسرائیل کا دورہ کریں گے۔

ایرانی اور مغربی حکام نے کہا ہےکہ اسرائیل کا اتحادی واشنگٹن تہران کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے تاکہ ایسے اقدامات کا خاکہ پیش کیا جا سکے جن سے ایران کے جوہری پروگرام کو روکنے کی راہ ہموار ہوسکے۔

ایک مغربی اہلکار نے گذشتہ ہفتے خبر رساں ادارے رائیٹرز کو بتایا تھا کہ امریکا کا بنیادی ہدف جوہری سطح پر حالات کو خراب ہونے سے بچانا اور اسرائیل اور ایران کے درمیان ممکنہ تصادم سے بچنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “اگر ایرانیوں نے غلط اندازہ لگایا تو اسرائیل کی جانب سے سخت ردعمل کے امکانات ہیں‘‘۔