تہران (ہمگام نیوز) مانیٹرینگ نیوز ڈسک رپورٹس کے مطابق ایران کے جنوب مغرب کے ضلع ایلام میں ایک پیٹرو کیمیکل کمپلیکس میں لگنے والی پراسرار آگ آج بھی جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق کل بدھ کے روز کمپلیکس میں آگ ایک بار پھر خوفناک شکل اختیار کرگئی تھی۔
غیر ملکی خبر رساں نیوز ایجنسی کے مطابق کمپلیکس کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز پیٹرو کیمیکل کمپلیکس کے یونٹ ‘الفین’ میں آگ لگی۔ فائر بریگیڈ کا عملہ آگ پرقابو پانے میں مصروف ہے۔
تفصیلات کے مطابق حالیہ کچھ عرصے کے دوران ایران میں متعدد مقامات اور حساس تنصیبات میں آتش زدگی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
چند ماہ پیشتر ایران کے جنوب میں واقع نطنز جوہری پلانٹ میں دھماکوں کے بعد آگ لگ گئی تھی۔ تہران سے 250 کلو میٹر کی دوری پرواقع یہ پلانٹ ایران میں یورینیم افزودگی کا سب سے بڑا مرکز تصور کیا جاتا ہے۔
ایرانی شہری دفاع کی تنظیم کے چیئرمین نطنز جوہرہ پلانٹ میں دھماکوں کو غیر فطری قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس طرح کے حادثات حفاظتی انتظامات میں نقائص کے نتیجے میں پیدا ہوتے ہیں۔