باجوڑ( ہمگام نیوز ) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق خیبر ایجنسی کے علاقے باجوڑ میں جے یو آئی (ف) کے ورکرز کنونشن میں دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں مقامی امیر سمیت 35افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ۔ دھماکا خیبر ایجنسی میں واقع علاقے خار کے دبئی موڑ کے قریب ہوا جہاں جے یو آئی کا جلسہ جاری تھا، دھماکے اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ادارے جائے وقوع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنا شروع کردیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا جے یو آئی (ف) کے ورکرز کنونشن میں ہوا، ڈی آئی جی مالا کنڈ کا کہنا ہے کہ باجوڑ میں دھماکے کی معلومات لے رہے ہیں، دھماکا کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، دھماکا کس نوعیت کا ہے تعین کیا جارہا ہے۔
امدادی ادارے کے ذرائع نے کم از کم 35 افراد کے زخمی ہونے اور انہیں اسپتال منتقل کرنے کی تصدیق کی ہے۔جے یو آئی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے انصار الاسلام کے کارکنوں سے زخمیوں کے لیے خون دینے کے لیے فوری طور پر اسپتال پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا ہے کہ منصوبے کے تحت حالات خراب کیے جارہے ہیں، ہماری جماعت ایک پرامن جماعت ہے، ہم نے ہمیشہ پُرامن سیاسی جہدوجہد کا راستہ اپنایا، انصار الاسلام کے رضاکار خون دینے کی لیے فوری طور پر اسپتال پہنچیں۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے دھماکے مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ تمام سیاسی قائدین اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے، حملے کا مقصد ملک میں افراتفری کی صورت حال پیدا کرنا ہے، حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بم دھماکے کی فوری اور مکمل تحقیقات کروائے۔