برازیلیا(ہمگام نیوز ) جنوبی امریکہ کے ملک برازیل میں طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں 14 افراد ہلاک ہو گئے۔
ایمیزوناس کے گورنر ولسن لیما نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ شمالی برازیل میں ایمیزوناس ریاست کے اندرون شہر بارسیلوس میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہونے سے 14 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے تمام سیاح تھے جو ماہی گیری کے سفر پر جا رہے تھے بتایا گیا ہے کہ پائلٹ کو مچھلی پکڑنے کے کھیل کے مقام بارسیلوس میں لینڈنگ کے لیے رن وے تلاش کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ تمام سیاح برازیلین تھے۔ بارسیلوس کے میئر ایڈسن مینڈیس کے مطابق سول ڈیفنس کی ٹیموں کو 14 لاشیں ملی ہیں جن میں 12 مسافر، پائلٹ اور کو پائلٹ شامل ہیں۔
ہلاک افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئیں جنہیں شناخت کے بعد ورثا سے حوالے کیا جائے گا۔
سرکاری حکام کے مطابق طیارہ حادثے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔