کیمبرج شائر (ہمگام نیوز) ڈونکاسٹر سے لندن جانے والی ٹرین میں خوفناک چاقو حملے کے نتیجے میں کم از کم دس افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے نو کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ واقعہ ہنٹنگڈن ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا، جہاں ٹرین کو ہنگامی طور پر روکا گیا۔
پولیس کے مطابق حملے کے فوراً بعد دو افراد کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، جبکہ ہنگامی عملہ اور مسلح پولیس فورس بڑی تعداد میں موقع پر موجود رہی۔
گواہوں کا کہنا ہے کہ ٹرین کے اندر شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور مسافر اپنی جان بچانے کیلئے بھاگتے اور ٹوائلٹس میں چھپتے نظر آئے۔ بعض مسافروں نے خون میں لت پت افراد کو دیکھا اور چیخوں کی آوازیں سنیں۔
پولیس نے اس واقعے کو بڑا انسیڈنٹ قرار دیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی طور پر اسے ممکنہ دہشت گرد حملے کے طور پر دیکھا گیا تھا، تاہم ابھی تک اس بارے میں حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات تفتیش کے بعد واضح ہوں گے۔
ریلوے حکام نے اس علاقے میں ٹرین سروس معطل کر دی ہے اور مسافروں کو متبادل سفر کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
برطانوی وزیراعظم نے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور اگر کسی کے پاس واقعے سے متعلق ویڈیو یا معلومات ہوں تو فوراً فراہم کریں۔ واقعے سے متعلق مزید بریفنگ جلد دی جائے گی۔














