کوئٹہ ( ہمگام نیوز ) رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے سیلاب زرہ علاقوں میں ایک روز کے دوران ملیریا کے 3600 سے زائد کیسز سمیت مختلف امراض کے 6 ہزار سے زائد کیسزر پورٹ ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع نصیر آباد سمیت سیلاب سے متاثر علاقوں میں وبائی امراض تیزی کے ساتھ پھیلنے لگے گزشتہ روز بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں گزشتہ روز مجموعی طور پر 6 ہزار 7 سو 62 مریض رپورٹ ہوئے جن میں سے سب سے زیادہ کیسز 3631 ملیریا کے رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ سانس کے امراض کے 1101 ، اسہال کے 622 ، جلد کے امراض کے 1028 ، امراض چشم کے 245 ، ہیضہ کے 133 ، ڈینگی کے 2 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں 20 ستمبر سے اب تک ان بیماریوں کے 39 ہزار ،8 سو 65 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ محکمہ صحت کی جانب سے گزشتہ روز بلوچستان میں 12 میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا جہاں ان مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں ۔


