Homeخبریںبلوچستان بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال رہا، ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور...

بلوچستان بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال رہا، ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ جی کی سزا کے خلاف عوامی احتجاج

کوئٹہ/بلوچستان: 24 جون 2026

کوئٹہ (ھمگام نیوز) بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی اپیل پر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ جی بلوچ کو سنائی گئی عمر قید کی سزاؤں کے خلاف بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ نوشکی، خضدار، بولان، چاغی، گوادر، وڈھ، خاران، مستونگ، سوراب، پنجگور، منگوچر، شاہ نورانی اور محبت فقیر سمیت متعدد علاقوں میں کاروباری مراکز، بازار اور تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر بند رہیں۔

مظاہرین اور ہڑتال میں شریک افراد نے عدالتی کارروائی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمات کی سماعت جیل کے اندر بند کمرے میں کی گئی، جس سے شفافیت اور منصفانہ ٹرائل کے بنیادی اصول متاثر ہوئے۔ مختلف علاقوں میں عوام نے ان سزاؤں کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے کہا کہ پرامن سیاسی سرگرمیوں اور انسانی حقوق کے لیے آواز اٹھانے والوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

گوادر، پنجگور اور خضدار سمیت کئی شہروں میں عوام نے اس بات پر زور دیا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ جی بلوچ نے انسانی حقوق، جبری گمشدگیوں اور بلوچ عوام کے مسائل کے حوالے سے آواز بلند کی، اور ان کی سزا کو عوامی حقوق اور سیاسی آزادیوں پر حملہ تصور کیا جا رہا ہے۔

ہڑتال کے دوران مختلف شہروں میں عوام نے انصاف، شفاف عدالتی کارروائی، بنیادی قانونی حقوق کے تحفظ اور زیر حراست بی وائی سی رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلاف رائے کو دبانے اور پرامن جدوجہد کو جرم قرار دینے سے عوامی مزاحمت کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی نے بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور جمہوری اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیں اور سیاسی کارکنوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز