جمعه, اکتوبر 18, 2024
Homeخبریںبلوچستان میں یونیسیف کے تعاون سے محکمہ صحت کےپراجیکٹس میں بدترین بدعنوانی...

بلوچستان میں یونیسیف کے تعاون سے محکمہ صحت کےپراجیکٹس میں بدترین بدعنوانی کی گئی :بلوچ ڈاکٹرز فورم

کوئٹہ (ہمگام نیوز ) بلوچ ڈاکٹرز فورم نے کہا ہے کہ
اقوام متحدہ کے اداروں میں موجود دوسرے صوبوں کے لابی ان اداروں کے ثمرات کو بلوچستان کے عوام (بالخصوص بچوں اور عورتوں) تک پہنچنے نہیں دے رہے ۔ ہر ادارے میں مخصوص لابی موجود ہے جو بلوچستان کے ڈاکٹرز اور دیگر مستحق افراد کی ان اداروں تک رسائی نہیں ہونے دیتے ۔ اپنے من پسند افراد کو تعینات کیا جاتا ہے۔ بلوچستان سے بھی صرف ایسے افراد کا انتخاب کیا جاتا ہےجو اُن کے منظور نظر ہوں اور اُن کے گھناؤنے عزائم میں اُن کا ساتھ دے سکیں۔ اور خود چند مقامی افراد کی ملی بھگت سے بدترین بدعنوانی کے ذریعے پراجیکٹس میں ایسے انتظام کیے جاتے ہیں کہ کاغذی کارروائی میں تو سب کچھ نظر آتا ہے مگر عملاّ کچھ نہیں ہوتا۔ اس کی تازہ ترین مثال یونیسیف کے تعاون سے مکمل ہونے والے محکمہ صحت کے چند پراجیکٹس ہیں ۔ پانچ اضلاع میں قائم ہونے والے Sick Newborn Care Unit ہیں ۔ ٹھیکیداروں کے ساتھ ملی بھگت کرکے یونیسیف کے عملداروں نے کام کے مکمل ہونے سے قبل ہی تکمیل کے سرٹیفیکٹ جاری کر دیئے جبکہ کئی سال گزرنے کے باوجود علاج کے یہ مراکز بند اور غیر فعال پڑے ہوئے ہیں کیونکہ غیر معیاری کام ہونے کی وجہ سے اکثر آلات استعمال سے قبل ہی ناکارہ ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ Chlorhexidine پروگرام اور نیوٹریشن کے سروے میں بھی مجرمانہ بدعنوانی کی گئی ، اور یہ سب یونیسیف کے آفیسران اور محکمہ صحت کے چند اہلکاروں کے ملی بھگت سے ممکن ہوا۔

اپنے ان غیر انسانی ہتھکنڈوں کو چھپانے کے لئے مقامی سطح پر بھی خاص لابی کے چند منظور نظر افراد کو تعینات کیا گیا ، جن کی بھرتی میں میرٹ اور قانون کو خاطر میں نہیں لایا گیا۔ڈویژنل اور ضلع کی سطح پر موجود ان ٹیکنیکل عہدوں پر بھی خفیہ طور پر بھرتی کی گئی ، حالانکہ ان عہدوں پر حق سب سے پہلے بلوچستان کے ڈاکٹرز کا بنتا ہے کیونکہ ان پوسٹس کا نام ہی ڈویژنل ہیلتھ کوآرڈینیٹر ہے ۔ مگر ان پوسٹس پر تعیناتی خفیہ طریقے سے کی جاتی ہے ، اور ڈاکٹرز کو ان کی خبر تک نہیں پڑنے دی جاتی ۔

ہم وقتاّ فوقتاّ ان اداروں کے سربراہان کو بھی تحریری طور پر آگاہ کر چکے ہیں ، مگر ان کے کانوں تک جوں تک نہیں رینگتی۔

ہم مطالبہ کرتے ہیں دوسرے صوبوں (خاص طور پر خیبر پختونخواہ ) سے تعلق رکھنے والے ان مضبوط گروہوں سے بلوچستان کے اداروں کو نجات دلائی جائے اور ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر کے پوسٹس کی اخبارات میں تشہیر کر کے از سر نو تعیناتی کی جائے اور ان پوسٹس پر مقامی ڈاکٹرز کو ترجیح دی جائے ۔

ہم مشاورت کے بعد اس سلسلے میں اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز