لندن ( ہمگام نیوز ) بلوچ قوم دوست رہنما، فری بلوچستان موومنٹ کے سربراہ حیربیار مری نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا کہنا ہے کہ بلوچ امریکہ ، بھارت اور اسرائیل سے مدد حاصل کررہے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان سے مدد کیوں نہیں لینی چاہئیے؟
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اسرائیل تو نہیں جو رات کی تاریکی میں دروازے تھوڑ کر بلوچوں کی اغوا نما گرفتاریاں کرکے ان کو لاپتہ کررہے ہیں۔ یہ ہندوستان بھی نہیں جو بلوچوں پر تشدد میں ملوث ہے۔ ہندوستان تو بلوچ نوجوانوں کی جسموں کو ڈرل کرکے ان کو جلا کر ان کی گولیوں سے چھلنی لاشیں ویرانوں میں نہیں پھینک رہا !
انہوں نے مزید کہا کہ یہ امریکی نہیں ہیں جنہوں نے بلوچستان پر بزور شمشیر قبضہ کیا ہے۔ امریکیوں نے بلوچستان کی لوٹ مار نہیں کی اور نہ ہی وہ بلوچستان کی استحصال میں ملوث ہیں۔
حیربیار مری نے مزید کہا کہ یہ سب نام نہاد اور غیر فطری ریاست پاکستان کی فوج اور خفیہ ادارے کررہے ہیں جو اپنے آپ کو مسلم اُمّہ اور مسلم دنیا کے محافظ کہتے ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں بلوچستان پاکستان نہیں ہے کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔