شال ( ہمگام نیوز ) پشتون تحفظ مومنٹ کے مرکزی ترجمان نے جاری بیان میں کہاہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کے پرامن احتجاج پر کوئٹہ میں ریاستی اداروں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔
انھوں نے کہاکہ بے گناہ اور نہتے بلوچ نوجوانوں کا قتل، درجنوں کو زخمی کرنا، اور خواتین پر تشدد کرنا ریاستی دہشت گردی کی بدترین شکل ہے۔ یہ عمل ثابت کرتا ہے کہ اس ملک کے حکمران طاقت کے نشے میں چور ہو کر بے گناہ بلوچ، پشتون اور دیگر محکوم اقوام کی نسل کشی کر رہے ہیں۔
ترجمان نے کہاہے آج بلوچ یکجہتی کمیٹی کے پرامن احتجاج پر ریاستی مسلح اداروں کی جانب سے تشدد اور فائرنگ کا یہ واقعہ، 76 سالہ پشتون اور بلوچ اقوام کے خلاف جاری ظلم و جبر کی ریاستی پالیسیوں کا تسلسل ہے۔ ریاستی ادارے محکوم اقوام کی سرزمین پر اپنا قبضہ مضبوط کرنے اور استعماری منصوبوں کو دوام دینے کے لیے سرگرم ہیں۔
انھوں نے کہاکہ ایک طرف ہزاروں بلوچ نوجوانوں کو جبری گمشدگیوں کا شکار بنایا گیا، اور ان کی لاشیں عدالت کے بغیر قتل کر کے پھینک دی جاتی ہیں۔ دوسری طرف ان لاپتہ نوجوانوں کے لواحقین کو احتجاج کرنے کا بنیادی انسانی اور آئینی حق دینے سے انکار کیا جا رہا ہے۔ پرامن احتجاج کرنے والے ان لواحقین پر ریاستی مسلح اداروں کے حملے جاری ہیں۔
ترجمان پی ٹی ایم نے کہاہے کہ شہید نوجوانوں کی میتوں کے ساتھ کوئٹہ میں جاری بلوچ یکجہتی کمیٹی کے دھرنے کی پشتون تحفظ مومنٹ مکمل طور پر حمایت کرتی ہے۔ ہم نہ صرف پشتون قوم کے حقوق کی بلکہ بلوچ قوم اور دیگر محکوم اقوام کے قومی حقوق اور نجات کی تحریکوں کی بھی مکمل حمایت کرتے ہیں، اور اس جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔