دالبندن (ہمگام نیوز) بی وائی سی دالبندن زون کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک بار پھر آج ساڑھے 5 بجے ظلم کی انتہا کر دی گئی جب ریاستی غنڈہ گردوں نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی مرکزی آرگنائزر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت متعدد خواتین کو گرفتار کر لیا۔ اطلاعات کے مطابق، ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو گرفتاری کے بعد جبری طور پر لاپتہ کر دیا گیا ہے، جبکہ بلوچ نوجوانوں کی لاشیں ریاستی اداروں کی تحویل میں ہیں۔ ہمیں شدید خدشہ ہے کہ ریاستی ادارے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کی دیگر قیادت کے ساتھ کسی بھی قسم کی ظالمانہ کارروائی کر سکتے ہیں۔
یہ ظلم، جبر اور بلوچوں کی آواز دبانے کی کوشش ناقابلِ برداشت ہے۔ بطور بلوچ، ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم اس ریاستی جبر کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہوں اور اپنی آواز بلند کریں۔ اسی سلسلے میں، بلوچ یکجہتی کمیٹی کی اپیل پر آج پورے بلوچستان میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال جاری ہے۔
ہم دالبندین کے باشعور عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ریاستی بربریت کے خلاف آواز بلند کریں اور مغربی بھائ پاس آر سی ڈی روڈ پر پہنچ کر اس ظلم کے خلاف احتجاج میں شامل ہو جائے۔