ڈھاکہ (ہمگام نیوز) بنگلہ دیش میں نئے کرنسی نوٹ جاری کردیئے گئے جن پر سے شیخ مجیب کی تصویر ہٹا دی گئی۔
مقامی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیش کے کرنسی نوٹوں پر سے ملک کے بانی اور سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے والد شیخ مجیب الرحمان کی تصویر ہٹاتے ہوئے نئے ڈیزائن والے نوٹ جاری کر دیئے گئے، اس حوالے سے مقامی بینک ترجمان نے بتایا کہ نئے نوٹوں پر انسانی تصویر کی بجائے قدرتی مناظر اور تاریخی مقامات پرنٹ کیے گئے ہیں، پہلے مرحلے میں 20، 50 اور 1000 ٹکا مالیت کے نوٹ جاری کیے گئے ہیں مختلف مالیت کے نوٹوں کا مرحلہ وار اجراء کیا جائے گا، اس دوران پرانے نوٹ اور سکے بھی گردش میں رہیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ بنگلا دیش میں کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن تبدیل کردیئے گئے ہوں بلکہ اس سے پہلے 1972ء میں جب ملک نے مشرقی پاکستان سے بنگلا دیش کا نام اختیار کیا تو پہلے نوٹوں پر ملک کا نقشہ دکھایا گیا تھا بعد ازاں شیخ مجیب الرحمان اور ان کی جماعت عوامی لیگ کے اقتدار کے دوران شیخ مجیب کی تصاویر نوٹوں پر چھاپ دی گئی تھیں تاہم جب بھی دیگر جماعتیں خاص طور پر بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی اقتدار میں آئی تو ملک کے کرنسی نوٹوں پر تاریخی اور آثار قدیمہ کے مقامات کی تصاویر شامل کی گئیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال 5 اگست کو بنگلہ دیش میں پرتشدد مظاہروں اور اس دوران سینکڑوں ہلاکتوں کے بعد اس وقت کی بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد استعفیٰ دے کر بھارت فرار ہوگئی تھیں، شیخ حسینہ واجد پر انسانیت کیخلاف جرائم کے مقدمے میں فرد جرم عائد کی گئی ہے، ان پر انسانیت کے خلاف جرائم کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، اس مقدمے میں ملک کے سابق وزیر داخلہ اور آئی جی پولیس کو شریک مجرم قرار دیا گیا، بنگلہ دیشی عدالت نے جولائی اور اگست میں ہونے والی ہلاکتوں کے سلسلے میں دائر مقدمے میں حسینہ واجد کو مرکزی منصوبہ ساز اور ذمہ دار قرار دیا۔