دبئی (ہمگام نیوز، )چین کی وزارت خارجہ نے جمعرات کو شائع ہونے والی ایک دستاویز میں مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان فوری طور پر “پائیدار انسانی جنگ بندی” قائم کی جائے۔
وزارت خارجہ نے دستاویز میں کہا ہے کہ “متحارب فریقین کو فوری طور پر ایک مستقل اور پائیدار انسانی جنگ بندی قائم کرنی چاہیے”۔چین کی طرف سے انہوں نے ایک جامع جنگ بندی اور لڑائی کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
واضح پیغام
اپنی دستاویز میں چینی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ ایک “واضح پیغام” بھیجے جس میں “فلسطینی شہری آبادی کی جبری منتقلی” کو مسترد کرنے کی تصدیق کی جائے اور ساتھ ہی “تمام زیر حراست شہریوں اور یرغمالیوں کی رہائی” کا مطالبہ کیا جائے۔
وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سےمطالبہ کیا کہ “تنازع کے فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کریں تاکہ تنازع کو پھیلنے سے روکا جا سکے اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کی حمایت کی جا سکے”۔
دو ریاستی حل
گذشتہ ہفتےچین نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جمعے کی صبح سے شروع ہونے والی اس عارضی جنگ بندی کا خیرمقدم کیا تھا جس میں بعد ازاں دو دن کی توسیع کی گئی تھی۔
چین کو تاریخی طور پر مسئلہ فلسطین کا ہمدرد اور دو ریاستی حل کی بنیاد پر اسرائیل فلسطین تنازعے کے حل کا حامی سمجھا جاتا ہے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے اس تنازعے کو حل کرنے کے لیے “بین الاقوامی امن کانفرنس” کا مطالبہ کیا تھا۔