کوئٹہ(ہمگام نیوز)بی ایس او آزاد کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں بلوچ نیشنل موومنٹ کو کامیاب قومی کونسل سیشن کے انعقادپر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ قومی تحریک آج جن مشکل حالات میں کامیابی کے ساتھ سفر کر رہی ہے اسکی مثال پورے بلوچ تاریخ میں نہیں ملتی ، ایک ماس پارٹی کے بغیر یہ ممکن نہیں کہ ہم دنیا کو اپنے جہدکی طرف متوجہ کرسکیں۔ اور نہ ہی دنیا ایک مضبوط پارٹی کے بغیر بلوچ کو ایک ذمہ دار ریاست کے لئے اہل سمجھے گی ۔انہوں نے کہا کہ آج بلوچ قومی تحریک جن خطوط پر استوار ہے وہاں قومی تنظیموں و پارٹیوں کی اہمیت پر عوام میں مثبت رجحانات دن بہ دن بڑھتے جا رہے ہیں اور بلوچ نوجوان و تعلیم یافتہ طبقہ ایک قومی پارٹی کی ضرورت کو شدت سے محسوس کررہا ہے ، انہوں نے کہا بلوچ قومی تحریک کو ایک ایسی پارٹی کی اشد ضرورت ہے جو تمام طبقہ ہائے فکر کے لوگوں کی نمائندہ جماعت ہو، کیونکہ بغیر کسی مضبوط اور ہمہ جہت پارٹی کے بلوچ قومی مسئلے کو ہم عالمی سطح پر نہیں منوا سکتے ۔ اور نہ ہی اپنے شہدا کے ارمانوں کی تکمیل کر سکتے ہیںیہ ایک حقیقت ہیکہ بغیر کسی مضبوط پارٹی کے کاروباری لوگ اور تحریکوں کا سودا کرنے والے بلوچ شہدا و اسیران اور بلوچ عوام کی قربانیوں کا سودا کر سکتے ہیں۔ترجمان نے مزیدکہا کہ ایک مضبوط پارٹی عوام کو آزادی کے لئے متحرک کر سکتی ہے اور ایک مضبوط پارٹی ہی قومی جاگیرداری کا راستہ روک کراقتدار اعلیٰ کو عام بلوچ عوام تک پہنچا سکتی ہے ۔ بی ایس او آزادبی این ایم کی نو منتخب مرکزی کابینہ و مرکزی کمیٹی کو مبارکباد پیش کرتی ہے ۔بی این ایم کی نئی منتخب شدہ لیڈر شپ کو تمام چیلنج و خطرات سے آگاہ ہو کر سخت فیصلے کرنے ہوں گے۔ کیونکہ قومی تحریک میں آج جس طرح سے انتشار پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے ایک فعال پارٹی ہی ان تمام معاملات سے نمٹ سکتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ بی این ایم بلوچ قومی تحریک میں حسب سابق اپنا ایک فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔جس طرح شہید غلام محمد او ر دوسرے مرکزی و زونل لیڈران کی شہادت و اغواء کے بعد بھی بی این ایم قیادت نے پارٹی ورکران کو منتشر ہو نے نہیں دیا آج بھی بی این ایم بلوچ عوام کو پارٹیوں سے بد ظن کرنے والے عناصر کی منفی پروپگنڈوں کو ناکام بنا کر بلوچ عوام کے اندر رہتے ہوئے بلوچ عوام کی رہنمائی کرتا رہیگا۔