استنبول(ہمگام نیوز) ترکیہ میں پیر کے روز دو فوجی ہیلی کاپٹر فضا میں ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس میں سوار چھ فوجی اہلکار جان سے گئے۔

امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ترک حکام کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دوسرا ہیلی کاپٹر بحفاظت زمین پر اتر گیا۔

ترکیہ کی وزارت دفاع کے مطابق پانچ فوجی اہلکار جائے حادثے پر ہی مر گئے جبکہ چھٹا اہلکار زخمی حالت میں ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔

ترکیہ کے جنوب مغربی صوبے اسپارتا کے گورنر عبداللہ ایرن نے بتایا ہے ’یہ افسوسناک حادثہ علاقے میں تربیتی پروازوں کے دوران پیش آیا۔‘

عبداللہ ایرن نے تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا ’جاں بحق ہونے والوں میں ایک بریگیڈیئر جنرل بھی شامل تھے جو فوجی ایوی ایشن سکول کے انچارج تھے

حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاہم دونوں ہیلی کاپٹروں کے آپس میں ٹکرانے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔

ترکیہ کی نجی نیوز ایجنسی ڈی ایچ اے کے مطابق یو ایچ-1 یوٹیلیٹی ہیلی کاپٹر ایک کھیت میں گر کر دو حصوں میں تقسیم ہو گیا جبکہ دوسرا ہیلی کاپٹر تقریباً 400 میٹر دور زمین پر بحفاظت اتار لیا گیا۔

ادھر پاکستان نے ترکیہ میں دو ہیلی کاپٹروں کے مابین فضا میں تصادم کے نتیجے میں چھ فوجی اہلکاروں کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد میں دفتر خارجہ سے جاری بیان میں مرنے والوں کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’پاکستان اس غم کی گھڑی میں اپنے ترک بہن بھائیوں کے ساتھ ہے۔‘