(ہمگام نیوز )
ویب نیوز کے مطابق ترکی کی مسلح افواج نے شمالی عراق میں آزادی پسند تنظیم کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں جن میں انیس جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔
ترک وزارت دفاع نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اطلاع دی ہے کہ فضائی حملوں میں قندیل کے پہاڑی علاقے سمیت شمالی عراق میں کرد باغی جنگجو گروپ پی کے کے کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ترکی کے لڑاکا جیٹ ملک کے جنوب مشرق میں عراق کی سرحد کے نزدیک اور عراق کے شمالی علاقوں میں کردستان ورکرز پارٹی کے ٹھکانوں پر آئے دن بمباری کرتے رہتے ہیں۔اس کے جواب میں کرد باغی بھی شمالی عراق سے سرحد پار ترکی کے جنوب مشرقی علاقوں میں سکیورٹی فورسز پر حملے کرتے رہتے ہیں۔
پی کے کے کی ترکی کی مرکزی حکومت کے خلاف مسلح بغاوت کو قریباًچونتیس سال ہوچکے ہیں۔کرد قوم پرست مارکسسٹوں نے اپنے لیڈر (اب جیل میں قید) عبداللہ عجلان کی قیادت میں جنوب مشرقی علاقے کی خود مختاری کے نام پر 1984ء میں مسلح بغاوت کا آغاز کیا تھا۔اس خونریزی میں پینتالیس ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔واضح رہے کہ ترکی کے علاوہ امریکا اور یورپی یونین نے بھی پی کے کے کو ایک دہشت گرد گروپ قرار دے رکھا ہے۔