وسطی اسرائیل میں پولیس اور طبی حکام نےبتایا کہ پیرکے روز دو فلسطینیوں نےایک ہی وقت میں علیہدہ مقامات پر لوگوں پر اپنی کاریں چڑھادیں جس کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک اور بارہ دوسرے افراد زخمی ہو گئے
یہ واقعہ ایسے میں پیش آیا ہے جب غزہ کی پٹی میں تین ماہ سے زیادہ عرصے سے جاری جنگ پر کشیدگیاں بڑھ چکی ہیں۔
پولیس نے تل ابیب کے شمال میں رانانا میں ہونے والے واقعے کو دہشت گردانہ حملہ قرار دیا اور کہا کہ دو مشتبہ افراد زیر حراست ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ دونوں کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر الخلیل کے ایک ہی خاندان سے ہے اور وہ غیر قانونی طور پر اسرائیل میں داخل ہوئے تھے۔
مرکزی ضلع کے پولیس سربراہ ایوی بٹن نے رانانا میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ “وہ دو کاروں میں ایک ساتھ اور ایک ہی وقت میں، دو مختلف مقامات پر گئے، اور لوگوں پر کاریں چڑھادیں۔”
فوری طور پر کسی نے واقعےکی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ اے ایف پی نے زخمیوں کی تعداد 17 بتائی ہے۔
پولیس نے اس سے قبل کہا تھا کہ ان میں سے کم از کم ایک گاڑی چوری کی گئی تھی۔
اسرائیلی ٹی وی نے ایک فٹ پاتھ پر بکھری ہوئی ذاتی اشیاء دکھائیں اور کہا کہ زخمیوں میں کئی بچے بھی شامل ہیں۔