نئی دہلی: (ہمگام نیوز) شہریت ترمیمی قانون 2019 کے نوٹیفکیشن کے بعد ملک میں سیاسی ہلچل تیز ہوگئی ہے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ سی اے اے کے نفاذ کے بعد تین ممالک سے کروڑوں لوگ ہندوستان آئیں گے۔ ایسے میں انہیں روزگار کون فراہم کرے گا؟ وزیراعلیٰ کیجریوال نے کہا کہ یہ ملک کے لیے خطرناک ہے۔
سی اے اے کی دفعات کے تحت، اگر بنگلہ دیش، پاکستان اور افغانستان میں اقلیتوں کو تشدد یا کسی اور طریقے سے انہیں بے گھر کیاجاتا ہے تو مکمل چھان بین کے بعد انہیں ہندوستانی شہریت دی جا سکتی ہے۔ اس میں ان تینوں ممالک میں رہنے والے ہندو، سکھ، بدھ، عیسائی، پارسی جیسی اقلیتی برادریوں کے لوگوں کو یہ سہولت ملے گی۔