نئی دہلی(ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق قطر میں اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار بھارتی بحریہ کے 8 سابق اہلکاروں کو الزام ثابت ہونے پر سزائے موت ہوسکتی ہے۔
بھارتی بحریہ کے سابق اہلکاروں کی سزائے موت کا خدشہ بھارتی اخبار کی رپورٹ میں ظاہر کیا گیا ہے۔ بھارتی بحریہ کے 8 سابق اہلکاروں کو 30 اگست 2022 کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔ قطر میں بھارتی بحریہ کے سابق اہلکاروں کے خلاف مقدمے کی اگلی سماعت 3 مئی کو ہوگی۔ بھارتی اخبار کے مطابق بھارتیوں کے علاوہ 2 قطری شہریوں پر بھی اسرائیل کے لیے جاسوسی کا الزام ہے۔
اس حوالے سے ترجمان بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی بحریہ کے 8 سابق اہلکاروں کے معاملے میں قطری حکام سے رابطے میں ہیں، مقدمے کی پہلی سماعت 29 مارچ کو ہوئی تھی، آئندہ سماعت 3 مئی کو ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی بحریہ کے سابق اہلکاروں کو قونصلر رسائی سے قانونی مدد دے رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی بحریہ کے 8 سابق اہلکار قطر میں ایک دفاعی کمپنی میں ملازم تھے جنہیں گزشتہ سال اگست میں حراست میں لیا گیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق ملزمان پر قطر کے لیے اٹلی میں تیار کردہ آبدوزوں کی خریداری کی تفصیلات اسرائیل کو دینے کا الزام ہے۔ قطری انٹیلی جنس ذرائع کا دعوی ہے کہ آبدوز پروگرام سے متعلق کچھ الیکٹرونک کمونیکیشنز پکڑی ہیں۔