کوئٹہ (ہمگام نیوز) آمدہ اطلاعات کے مطابق مقبوضہ بلوچستان کے علاقے خاران سے جبری اغواء ہونے والے ایم فل کا طالب علم ثناء بلوچ کو سی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

جبری اغواء افراد کیلئے سرگرم تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز نے سوشل میڈیا میں بیان جاری کرتے ہوے کہا کہ ثناء بلوچ کو قابض پاکستانی فوج کے ٹارچر سلوں سے باہر نکال کر انہیں منظر عام پر لاکر سی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ثناء بلوچ پر لگائے گئے الزامات کے حوالے سے ایک پارلیمانی کمیٹی بنائے تاکہ کمیٹی جائزہ لے کہ بلوچ طالب علم پر لگائے گئے الزامات میں کتنی صداقت ہے۔

واضح رہے ایک ہفتہ قبل ثناء بلوچ کے کیس کو وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز نے صوبائی حکومت کو فراہم کیا تھا۔

یاد رہے ثناء بلوچ ایم فل کا طالب علم ہے جنہیں قابض پاکستانی فوج نے 11 مئی 2020 کو مقبوضہ بلوچستان کے علاقے خاران سے اغواء کیا تھا۔