یکشنبه, می 12, 2024
Homeفلمی دنیاانڈین کامیڈین سٹار بھارتی سنگھ کو گھر سے منشیات برآمد ہونے کے...

انڈین کامیڈین سٹار بھارتی سنگھ کو گھر سے منشیات برآمد ہونے کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔

دہلی (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق انڈیا کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کا کہنا ہے کہ انڈین کامیڈین بھارتی سنگھ کے گھر پر چھاپے کے دوران 86.5 گرام حشیش برآمد کی گئی ہے۔ ان کے شوہر ہرش لمباچھیا بھی ان کے ساتھ اس گھر میں رہتے ہیں۔

’انڈیاز بیسٹ ڈانسر’ نامی ریئلٹی شو کی مشترکہ میزبانی کرنے والے جوڑے کو مزید پوچھ گچھ کے لیے حراست میں رکھا گیا ہے۔

این سی بی بالی وڈ انڈسٹری میں منشیات کے غیر قانونی استعمال کے حوالے سے تحقیقات کر رہی ہے اور یہ چھاپہ اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

واضح رہے کہ بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی جون میں خودکشی کے بعد اعلیٰ سطحی تحقیقات کے دوران بالی وڈ فلم انڈسٹری میں بڑے پیمانے پر منشیات کے غیر قانونی استعمال کا راز فاش ہوا تھا، جس کی تحقیقات جاری ہیں اور اس ضمن میں ٹی وی اور فلمی دنیا سے جڑے معروف اداکاروں کو تفتیش کے لیے طلب کیا گیا اور ان کے گھروں پر چھاپے بھی مارے گئے ہیں۔

یاد رہے 34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت 14 جون کو ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ پائے گئے تھے اور پولیس نے اس وقت ان کی موت کو خودکشی قرار دیا تھا۔

تفتیشی حکام میں سے ایک سمیر وانکھیڈے نے انڈیا کی نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ ‘بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر کو ممنوعہ منشیات رکھنے کے بارے میں پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔’

انڈیا کی نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) نے ایک حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ایک منشیات فروش سے دوران تفتیش کامیڈین بھارتی سنگھ کا نام سامنے آیا تھا۔’

ممبئی میں اپنے گھر سے رخصت ہوتے وقت بھارتی سنگھ نے رپورٹرز کو بتایا کہ ‘بس اتنا ہی ہے کہ انھوں نے ہمیں کسی بارے میں پوچھ گچھ کرنے کے لیے طلب کیا ہے۔’

واضح رہے اس سے قبل بالی وڈ سٹار دیپکا پڈوکون، راکول پریت سنگھ اور شردھا کپور کو بھی حالیہ تحقیقات کے دوران تفتیش کے لیے بلایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز