شنبه, جنوري 4, 2025
Homeخبریںجبری لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے وی بی ایم پی کے...

جبری لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے وی بی ایم پی کے مسلسل احتجاج کے 15 سال، 6 مہینے اور 21 دن

شال (ہمگام نیوز) وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے احتجاجی کیمپ کو سال کے اختتامی دن کے ساتھ 15 سال ، 6 مہینے اور 21 دن پورے ہوگئے۔وی بی ایم پی کا احتجاجی کیمپ اس وقت دنیا میں تسلسل کے ساتھ جاری رہنے والا دوسرا طویل ترین احتجاجی کیمپ ہے۔

احتجاج کو 5685 دن پورے ہوگئے ہیں۔وی بی ایم پی جبری لاپتہ افراد کی بازیابی اور زیرحراست ، ماورائے عدالت قتل کیے گئے افراد کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتی ہے۔سال کے آخری دن پروم پنجگور سے تعلق رکھنے والے لالا نور محمد ، غازی ، اللہ داد اور دیگر نے کیمپ آکر جبری لاپتہ افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔

انھوں نے کہا سال کا سورج غروب ہوا چاہتا ہے ، ہر قوم اور ہر ملک اپنے بدترین ایام کو نئے سال میں بہترین بنانے کے لیے اقدامات کرتے ہیں۔ اپنی غلطیوں سے سیکھتے اور نقصانات کا ازالہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن ریاست پاکستان نے ہمارے تمام حقوق سلب کرکے ہم پر جبر کا نظام مسلط کیا ہے۔ ہم شہری حقوق اور بہتر مستقبل کے منصوبہ بندیوں میں حصہ دار ہونے کی بجائے آج صرف اپنے جبری لاپتہ عزیزوں کی بازیابی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ماما قدیر بلوچ نے بھی وفود کے ساتھ بلوچستان میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انھیں آگاہ کیا کہ بلوچستان میں جبری گمشدگی ، زیرحراست افراد کا قتل اور ان کی مسخ شدہ لاشیں پھینکنے کا سلسلہ جاری ہے۔ انسانی حقوق کی ان خلاف ورزیوں کے باوجود بلوچستان کی حکومت بڑے دعوے کرتی ہے۔رواں سال جو اب ختم ہو رہا ہے پچھلے سال سے بدترین تھا اور ہر دن بلوچستان میں انسانی حقوق کے حوالے سے بد سے بد تر ہوتا جا رہا ہے۔

انھوں نے کہا بلوچستان حکومت کے دعوے شاید اسلام آباد میں میڈیا اور عوام کو گمراہ کریں لیکن یہ دعوے بلوچ قوم کو گمراہ نہیں کرسکتے اور نہ ہی ان جھوٹے دعوؤں سے حقائق تبدیل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز