یروشلم (ہمگام نیوز) خبر کے مطابق حماس کے نائب سربراہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہےکہ حماس کو آج جنگ بندی پیشکش کا اسرائیلی حکام کی طرف سے باضابطہ جواب موصول ہوا ہے۔
حماس کا کہنا ہےکہ اسرائیلی جواب کا جائزہ لے کر اس پر کوئی بھی ردعمل دیا جائے گا۔
قطر میں موجود حماس کے رہنما خلیل الحیا نے کہا کہ صیہونی قابض اسرائیل کو ثالث کار قطر اور مصر نے 13 اپریل کو جنگ بندی کی پیشکش کی تھی جس پر حماس کو آج باضابطہ طور پر اسرائیل کا جواب موصول ہوا ہے۔
واضح رہےکہ غزہ میں گزشتہ 6 ماہ سے جاری اسرائیلی بربریت کے دوران مذاکرات مسلسل تعطل کا شکار رہے ہیں جب کہ حماس نے جنگ کے خاتمے کے لیے اپنے مطالبات پر مضبوطی کے ساتھ کھڑے رہنے کا اعلان کررکھا ہے۔
غزہ میں گزشتہ سال اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 34 ہزار کے قریب فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے، اس کے علاوہ غزہ میں خوراک کی شدید قلت اور امراض پھوٹنے کی وجہ سے بھی بچوں کی اموات میں اضافہ ہورہا ہے۔