اسلام آباد:(ہمگام نیوز ) پاکستان کے متعدد نجی ٹی وی چینلز کی نشریات میں اچانک رکاوٹ پیدا ہوگئی جب نامعلوم ہیکرز نے ٹرانسمیشن سسٹم تک رسائی حاصل کرلی۔ اطلاعات کے مطابق اس دوران اسکرین پر فوج مخالف مواد نشر کیا گیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق Geo News، ARY News سمیت دیگر نیوز اور اسپورٹس چینلز اس سائبر حملے سے متاثر ہوئے۔ نشریات کے دوران معمول کا پروگرام اچانک معطل ہوگیا اور اس کی جگہ متنازع پیغام نشر کیا گیا۔
ہیکرز کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں دعویٰ کیا گیا کہ “پاکستانی فوج تباہی کی ذمہ دار ہے، عوام فوج کے خلاف آواز اٹھائیں۔” یہ پیغام چند لمحوں کے لیے اسکرین پر نمایاں رہا جس کے بعد نشریات میں تکنیکی مسائل جاری رہے۔ واقعے کے بعد Geo News نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کی نشریات کو بیرونی مداخلت کا سامنا ہے اور نشر ہونے والا مواد ادارے کی پالیسی یا مؤقف کی نمائندگی نہیں کرتا۔ تاحال اس واقعے کی نوعیت اور ذمہ داران کے حوالے سے کوئی باضابطہ تفصیل جاری نہیں کی گئی۔















