جیکب آباد( ہمگام نیوز ) مقبوضہ سندھ کے علاقہ جیکب آباد میں بلوچ نسل کشی کے خلاف نکالی گئی احتجاجی ریلی پر پولیس کا کریک ڈاؤن، سندھ پولیس نے ایڈووکیٹ رؤف جکھرانی سمیت کئی مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔ یہ ریلی بلوچ عوام کے ساتھ ہونے والے مظالم کے خلاف نکالی گئی تھی، جس میں انسانی حقوق کے کارکنوں، وکلاء اور عام شہریوں نے شرکت کی۔
گرفتاریوں کے بعد وکلاء برادری میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ کراچی بار، سندھ بار اور دیگر قانونی و انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ اس گرفتاری کے خلاف آواز بلند کریں اور مظاہرین کی فوری رہائی کے لیے اقدامات کریں۔
بلوچ عوام کے خلاف ہونے والے مبینہ مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے ملک بھر میں ہو رہے ہیں، جبکہ جیکب آباد میں ہونے والی اس گرفتاری کو ریاستی جبر کی ایک اور مثال قرار دیا جا رہا ہے۔ انسانی حقوق کے علمبرداروں کا کہنا ہے کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے، اور اس حق کو دبانے کی کوششیں قابل مذمت ہے۔