خاران (ہمگام نیوز) نمائندہ ہمگام کی تازہ ترین رپورٹنگ کے مطابق مقبوضہ بلوچستان کے شہر خاران میں خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والے تبلیغی جماعت سے منسلک افراد میں کورونا وائرس سے متاثرہ 5 اشخاص میں وائرس کی باقاعدہ تصدیق ہوئی ہے۔ جس کے بعد اس جماعت کو آئسولیشن وارڈ منتقل کردیا گیا ہے جبکہ یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ وائرس ان سے مزید مقامی لوگوں میں منتقل ہونے کے قوی امکانات ہیں۔
میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محبوب نے مریضوں میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خاران میں عالمی جان لیوا وبا کرونا کی وجہ سے لاک ڈاون کے باوجود دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے آئے ہوئے ایک تبلیغی جماعت کی وائیرس کی تشخیص کے لئے ٹیسٹ کئے گئے جس کے بعد جماعت میں موجود 5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کی وجہ سے پوری جماعت کو آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔ جماعت کا تعلق نوشیرہ، خیبر ایجنسی اور دیگر علاقوں سے بتایا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ یہ جماعت ایک عرصہ سے بغیر ٹیسٹ کے خاران کے مختلف گلیوں میں آزادانہ گھوم رہی تھی جس سے یہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ان کی وجہ سے مقامی لوگوں میں یہ وائرس منتقل ہوا ہوگا۔


