واشنگٹن(ہمگام نیوز ) 7 اکتوبر کو غزہ کی پٹی میں شروع ہونے والی جنگ کے بعد سے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور خاص طور پر یورپ میں دہشت گردانہ حملوں پر بین الاقوامی خدشات کے بعد امریکہ نے بھی داعش کے حملوں کے خطرات پر خبردار کیا ہے۔

’ایف بی آئی‘ کے ڈائریکٹر کرسٹوفر رے نے تصدیق کی کہ ماسکو میں گذشتہ ماہ ہونے والے حملے کی طرح کے حملے کے امکان کے بارے میں تشویش بڑھ رہی ہے، جس کی ذمہ داری داعش خراسان نے قبول کی تھی۔

’این بی سی‘ کے ساتھ ایک انٹرویو میں رے نے کہا کہ سات اکتوبر سے دہشت گردی کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جس نے انفرادی عناصر یا چھوٹے گروہوں کی موجودگی کی نشاندہی کی جو غزہ پر اسرائیلی جنگ کی وجہ سے امریکہ کے اندر انتہا پسند بن گئے تھے۔

انہوں نے ایک عوامی مقام پر مربوط دہشت گردانہ حملے کے بڑھتے ہوئے خدشات کی طرف بھی اشارہ کیا، جب کہ گذشتہ دہائی کے دوران انٹیلی جنس حکام نے اس طرح کے امکان کو مسترد کر دیا تھا۔

گذشتہ ماہ روس میں ہونے والے ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں کروکس شہر میں موجود ایک نائٹ کلب میں تقریباً 150 افراد ہلاک اور 285 کے زخمی ہوگئے تھے۔

اس حملے کی ذمہ داری’داعش خراسان‘ نامی گروپ نے قبول کی تھی۔اس واقعے کے بعد یورپی ممالک میں سکیورٹی الرٹ کر دی گئی تھی۔