سه شنبه, دسمبر 24, 2024
Homeخبریںداعش کا سرکردہ رہنما ابو وہیب ہلاک

داعش کا سرکردہ رہنما ابو وہیب ہلاک

بغداد(ہمگام نیوز)امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے تصدیق کر دی ہے کہ عراقی صوبے انبار میں شدت پسند تنظیم داعش کا ایک سرکردہ رہنما ابو وہیب ہلاک ہو گیا ہے۔ جہادی حلقوں میں ابو وہیب ’صحرائی شیر‘ کے نام سے مشہور تھا۔پینٹاگون کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ابو وہیب اور تین دیگر جنگجو چھ مئی کو کی جانے والی ایک فضائی کارروائی میں ہلاک ہوئے۔ امریکا نے داعش کے اس رہنما کی ہلاکت کو اس عسکری اور جہادی تنظیم کے لیے ایک دھچکا قرار دیا ہے۔ ایک امریکی عہدیدار کے مطابق یہ فضائی کارروائی امریکی جہازوں نے کی تھی جب کہ ہلاکت کے وقت یہ جہادی رہنما صوبہ انبار کے الرطبہ نامی شہر کے مضافات میں موجود تھا۔ بتایا گیا ہے کہ وہیب ماضی میں القاعدہ کا رکن بھی رہ چکا ہے۔پینٹاگون کے ایک ترجمان پیٹر کُک کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ابو وہیب کو صوبہ انبار کی ملٹری پلاننگ میں ایک اہم کردار حاصل تھا اور ہلاکت کے بعد وہاں داعش کی آپریشنز کی صلاحیت میں فرق پڑے گا۔ اس ترجمان کا کہنا تھا، ’’اتحادی فورسز داعش کو سخت طریقے سے نشانہ بنا رہی ہیں اور یہ اس کی ایک مثال ہے۔‘‘پیٹر کُک کا مزید کہنا تھا، ’’ان دنوں عراق اور شام میں داعش کا رہنما بننا خطرناک ہے اور اس کی کچھ وجوہات بھی ہیں ( یعنی جو بھی بنے گا، اسے ہلاک کر دیا جائے گا)۔‘‘

یہ بھی پڑھیں

فیچرز