دوزآپ ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان دزاپ (زاہدان) کریم آباد میں بسیج اور ایرانی قدس فورسز نے بلوچ شہری پر تشدد بعد اسے گرفتار کرکے اسکی تذلیل کی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق 18 مارچ 2025 کی صبح، ایرانی قدس فورس اور بسیجی اہلکاروں نے تین کاروں میں سوار ہو کر دوزآپ (زاہدان) کے علاقے رازی اسٹریٹ نمبر 58 میں موصلی کے قریب 19 سالہ بلوچ شہری صفی اللہ اسماعیل زئی کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور بغیر کسی عدالتی حکم کے گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
ذرائع کے مطابق، یہ واقعہ رات 2 بجے کے قریب کریم آباد کے علاقے میں پیش آیا، جہاں بسیج اور قدس فورس کے اہلکاروں نے عام شہریوں کی طرح سادہ لباس میں صفی اللہ اسماعیل زئی پر حملہ کیا، انہیں بے دردی سے مارا پیٹا اور پھر زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔
تاحال صفی اللہ اسماعیل زئی کی صحت اور گرفتاری کی وجوہات کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں مل سکی۔ مزید برآں، قابض ایرانی فورسز نے اس بلوچ نوجوان کی تذلیل کے لیے اس کی تصویر سوشل میڈیا پر شائع کر دی ہے۔
یہ کارروائی ایرانی حکام کے جانب سے بلوچ عوام کے خلاف جاری جبر و استحصال کی ایک اور مثال ہے، جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے بارہا تشویش کا اظہار کیا ہے۔