کیچ (ہمگام نیوز) تربت، آپسر کولوائی بازار سے لاپتہ کیے گئے حیات ولد جمعہ کی والدہ نے حیات جمعہ پر سی ٹی ڈی کے لگائے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بیٹا گھر میں سویا ہوا تھا جب انہیں گھر سے زبردستی لاپتہ کیا گیا اور پھر سی ٹی ڈی نے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے ان پر بم رکھنے اور دیگر الزامات لگائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حیات جمعہ کئی دنوں سے ڈینگی بخار کے باعث گھر سے باہر نہیں نکلے تھے جس رات انہیں جبری گمشدہ کیا گیا اس رات بھی وہ بخار میں مبتلا تھے۔ حیات جمعہ کی والدہ نے عدلیہ سے حیات کے ساتھ ملاقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ خدشہ ہے کہ سی ٹی ڈی میرے بیٹے کے ساتھ بالاچ مولابخش جیسا کوئی انہونی نہ کریں اس لیے میں چاہتی ہوں کہ ان کے ساتھ میری ملاقات کرائی جائے تاکہ میں ان کی خیریت سے باخبر رہ سکوں۔
انہوں نے کہا کہ میرے بیٹے کو سوتے ہوئے رات کی تاریکی میں لاپتہ کرنے کے بعد ان پر بے جا الزامات لگانا تشویش کا باعث ہے، میرا بیٹا ڈینگی کے سبب بیمار بھی ہے اس لیے مجھے ان کی صحت کے متعلق اور زیادہ خدشات ہیں۔
انہوں نے کمشنرمکران ڈویژن، ڈپٹی کمشنر کیچ اور عدلیہ سے یہ مطالبہ کیا ہے کہ وہ حیات جمعہ کی باحفاظت بازیابی و رہائی اور ان سے ملاقات کے لیے میرے ساتھ تعاون کریں۔