نیویارک( ہمگام نیوز ) سائبر حملے نے متعدد امریکی ریاستوں میں ہسپتالوں اور نگہداشت کے مراکز میں کمپیوٹرز سسٹمز کو متاثر کیا ہے۔ بعض ہسپتالوں نے سائبر حملے کے بعد ایمرجنسی وارڈز بند کرنے اور ایمبولینسوں کو روکنے کا فیصلہ کیا۔

سائبرحملے نے کیلیفورنیا میں قائم پراسپیکٹ میڈیکل ہولڈنگز کے زیر انتظام سہولیات کو غیر فعال کر دیا، جس کے بعد ٹیکساس، کنیکٹی کٹ، رہوڈ آئی لینڈ اور پنسلوانیا میں ہسپتال اور کلینک سائبر حملے سے متاثر ہوئے۔

اس کے علاوہ کنیکٹی کٹ کے مانچسٹر اور راک ویل جنرل ہسپتالوں کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹس کو بند کر دیا گیا اور ان کے کچھ مریضوں کو دوسرے وارڈز میں منتقل کیا گیا ہے۔

بہت سے بنیادی نگہداشت کے مراکز جمعہ کو بند رہے۔ان میں سرجری وارڈز، آؤٹ پیشنٹ اپائنٹمنٹس اور بلڈ ڈرائیو جیسے شعبے شامل ہیں۔

حکام نے کہا کہ وہ ابھی تک حملے کو غیر فعال کرنے اور اس کےذمہ داروں کا تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔