پسنی ( ھمگام نیوز) 4 جنوری 2013 کو مقبوضہ بلوچستان کے شہر پسنی سے تعلق رکھنے والے مغوی بولان کریم ولد محمد کریم کے لواحقین نے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بولان کریم کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے۔
لواحقین نے مزید کہا کہ بولان کریم جو ایک طالبعلم ہے جسے سات سال پہلے پسنی ائیرپورٹ کے قریب پاکستانی فوج اور اُسکی خفیہ اداروں نے جبری طور پر اغواء کرکے فوجی کیمپ منتقل کردیا تھا،ہم اس کی فوری بازیابی کی اپیل کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر بولان کریم پر کوئی الزام ہے تو اسے ریاست کے ہی عدالتوں میں پیش کر کے انصاف کے تقاضے پوری کئے جائیں، اس طرح ہمارے پیاروں کو جبری طور پر اغواء کرکے ٹارچر سیلوں میں رکھ کر ان پر انسانیت سوز تشدد کرنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
لواحقین نے ملکی و غیر ملکی انسانی حقوق کے علمبرداروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ مغوی اسیران کی بازیابی کیلئے اپنا کردار ادا کرکے جبری مغویان کے پورے خاندان کو اجتماعی اذیت سے نجات دلانے میں ہماری مدد کریں۔
واضح رہے بلوچستان میں مغویان کی تعداد ہزاروں میں ہے جن کی بازیابی کیلئے اُنکے لواحقین آج بھی سراپا احتجاج ہیں۔