کوئٹہ(ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق سنجرانی مائننگ کمپنی کی جانب سے خاران میں یلانزئی قبیلے کے زمینوں پر قبضے اور ناجائز الاٹمنٹ کے خلاف خاران سے تعلق رکھنے والے یلانزئی قبیلے کے عمائدین نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کی ہے۔
عمائدین میں شفیع محمد یلانزئی، میر فقیر اللہ یلانزئی، حاجی طیب یلانزئی، میر ضیاء الحق یلانزئی، محی الدین یلانزئی، عزیر یلانزئی و دیگر نے شرکت کیا۔
پریس کانفرنس کے دوران طیب یلانزئی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سنجرانی مائننگ کمپنی کی جانب سے خاران میں پانچ سو سکوائر کلومیٹر پر مشتمل ان کی آبائیوں زمینوں پر الاٹمنٹ کی کوشش کی جارہی ہے۔ سنجرانی مائننگ کمپنی خاران سمیت رخشان ڈویژن کے مختلف علاقوں میں زمینوں پر قبضہ کرچکی ہے۔
انہوں کہا کہ یلانزئی قبیلہ ایک پرامن قبیلہ ہے اور ہم جمہوری اور پرامن طریقے سے اپنی احتجاج کو آگے لے کر جائیں گے۔ متعلقہ اداروں اور حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ ہماری 500 مربع کلو میٹر آباد و غیر آباد اراضی پر بااثر افراد کی جانب سے قبضے کی کوششوں کو روکنے کے لئے اقدامات اٹھائیں۔ اگر ان اراضیات پر قبضے کی کوششوں کو نہیں روکا گیا تو ہم قومی شاہراہوں کی بندش، پہیہ جام اور شٹرڈائون ہڑتال جیسے اقدامات اٹھانے پر مجبور ہونگے۔
واضح رہے کہ سنجرانی مائننگ نامی کمپنی مقبوضہ بلوچستان میں ایک استحصالی کمپنی کے طور پر جانی جاتی ہے جو ریاستی حمایت کے تحت چاغی اور دیگر علاقوں میں زمینوں سے قومی وسائل نکالنے کیلئے انہیں بیرونی کمپنیوں کو الاٹ کرتی ہے۔
اس کمپنی کی سرپرستی پاکستانی حکومت کے اہم عہدوں پر بیٹھے چند مخصوص افراد کررہے ہیں جن میں پاکستانی سینٹ کے چیرمین صادق سنجرانی سرفہرست ہے۔