سنگاپور، ترکمنستان (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق سنگاپور اور ترکمانستان دنیا میں امن وامان کی صورت حال کے حوالے سے کیے گئے نئے گیلپ پول میں دنیا کے دس محفوظ ترین ممالک میں سے پہلے نمبر پر پائے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گیلپ نے 2020ء کے امن وامان کے اشاریے میں دنیا کے 144 ممالک کے لوگوں سے ان کے خود کو محفوظ سمجھنے کے بارے میں ادراک واحساس کی جانچ کی گئی ہے۔
ان سے مقامی پولیس پر اعتماد، رات کے وقت تنہائی میں پیدل چلنے کے دوران میں احساسِ تحفظ، حملوں، ڈکیتی اورچوری کی وارداتوں کے بارے میں رائے پوچھی گئی تھی۔
اس سروے میں شریک لوگوں سے درج ذیل سوال پوچھے گئے تھے: کیا آپ شہر میں یا جہاں آپ رہتے ہیں، رات کے وقت اکیلے چلتے ہوئے خود کو محفوظ سمجھتے ہیں؟ گذشتہ 12 ماہ کے دوران میں آپ پر کوئی حملہ کیا گیا ہے یا آپ کے ساتھ ڈکیتی کی کوئی واردات ہوئی ہے؟ آپ جس شہر یا علاقے میں رہتے ہیں، کیا آپ کو وہاں کی مقامی پولیس پراعتماد ہے؟
اس مجموعی اشاریے میں سنگاپور گذشتہ برسوں کی طرح پہلے نمبر پررہا ہے لیکن اس مرتبہ اس کے ساتھ ترکمانستان بھی پہلے نمبر پر ہے۔ چین دوسرے نمبر پر رہا ہے۔ دنیا کے محفوظ ترین ممالک کی اس فہرست میں آئس لینڈ اور کویت تیسرے نمبر پر رہے ہیں۔
متحدہ عرب امارات، آسٹریا، ناروے، سوئٹزرلینڈ اور ازبکستان اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ ان ممالک کی 92 فی صد آبادی نے خود کو محفوظ قرار دیا ہے۔
سعودی عرب دو اور اسلامی ممالک مصر اور انڈونیشیا کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔ ان تینوں ملکوں کے 89 فیصد شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ خود کو محفوظ تصور کرتے ہیں۔ امریکا کے 85 فیصد اور برطانیہ کے 83 فیصد شہریوں نے اپنے اپنے ملک میں خود کو محفوظ قرار دیا ہے۔
اس سروے میں شامل ممالک میں سے وینزویلا، وسط افریقا میں واقع گیبون اور جنگ زدہ افغانستان کے شہریوں نے خود کو سب سے زیادہ غیر محفوظ قرار دیا ہے۔ مشرقِ اوسط اور شمالی افریقا کے خطے میں واقع ممالک میں لیبیا، مراکش اور یمن امن وامان کی صورت حال کے ضمن میں سب سے غیر محفوظ قرار پائے ہیں۔ لیبیا اور یمن میں اس وقت خانہ جنگ جاری ہے اور وہاں امن وامان کی صورت حال مخدوش ہے۔