سوراب(ہمگام نیوز) مقبوضہ بلوچستان کے علاقہ سوراب میں آج بلوچستان نیشنل پارٹی سوراب (بی این پی) اور بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور ساتھیوں کی گرفتاری کے خلاف مشترکہ احتجاجی ریلی نکالی جو کہ کرکٹ کے میدان سے نکالی گئی ۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رنگ بلوچ، لالا وھاب ،بیبرگ بلوچ سمی دین ،بیبو بلوچ اور دیگر رہنماؤں کو بغیر کسی مقدمے کے گرفتار کیا گیا ہے، جس کی وہ شدید مذمت کرتے ہیں۔
مظاہرین نے کہاکہ بی وائی سی کی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور دیگر کارکنوں کے خلاف کوئٹہ میں احتجاج کے دوران فائرنگ سے ہلاک ہونے والے تین افراد کے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس مقدمے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت کئی دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ جو کہ سراسر جھوٹ اور بدنیتی پر مشتمل ہیں جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ پرامن احتجاج کر رہے ہیں اور حکومت کو چاہیے کہ وہ بغیر کسی الزام کے گرفتار کیے گئے افراد کو فوری رہا کرے۔ اس ریلی میں بچوں اور خواتین کی شرکت اس بات کا اظہار ہے کہ یہ معاملہ صرف سیاسی نہیں بلکہ سماجی اور انسانی حقوق کا مسئلہ بھی ہے۔
مقررین میں فہیم بلوچ،امان اللہ مینگل،سلطان امام،ایڈوکیٹ منیر آزاد اور میر عبداللطیف قلندرانی شامل تھے۔
سوراب احتجاجی ریلی میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،جو ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور دیگر گرفتار افراد کی رہائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے ،
“ماہ رنگ بلوچ کو رہا کرو!”
“بلوچ طلبہ اور خواتین کی گرفتاری بند کرو!
درج تھے ۔