برطانیہ نے نئے جنگی چیلنجوں سے نمٹنے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نفسیاتی جنگوں کے نئے محاذ پر لڑنے کے لیے ایک خصوصی فوجی بریگیڈ کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے۔
77 بریگیڈ کے نام سے مجوزہ طور پر تشکیل دی جانے والی یہ بریگیڈ باضابطہ طور پر ماہ اپریل میں قائم کی جائے گی۔ نئی فوجی بریگیڈ کا ہیڈ کوارٹر برکشائر کے علاقے ہرمیٹج میں ہو گا۔
اس برطانوی فوج کے جدید ترین بریگیڈ میں ریگولر فورسز کے علاوہ ریزرو فورسز سے بھی اہلکار شامل کیے جائیں گے، تاکہ بروئے کار فوجیوں کے علاوہ کمک کے طور پر کام آنے والا ایک جدید فوجی “آئی ٹی بیک اپ” بھی موجود رہے۔
برطانوی فوج کے سربراہ جنرل سر نک کارٹر کا کہنا ہے کہ “یہ بریگیڈ برطانیہ کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے جنگی صلاحیت کو بہتر بنائے گا اور روائتی صلاحیتوں سے زیادہ آگے تک دیکھنے کی استعداد کا حامل ہو گا۔”
واضح رہے اس نئے برطانوی یونٹ میں برطانوی بحریہ، فضائیہ اور فوج تینوں کی نمائندگی ہو گی، یوں یہ آئی ٹی کے میدان میں پیدا ہونے والی جنگی چیلنجوں سے نمٹنے کی ایک مربوط کوشش کے علاوہ برطانوی کے مربوط فوجی حکمت عملی کے اعتبار سے بھی ایک اہم پیش رفت ہو گی۔
اس بریگیڈ میں فوج سے باہر کے سویلین آئی ٹی ماہرین کی بھی خدمات بھی حاصل ہوں گی۔ برطانوی ماہرین سمجھتے ہیں کہ اس بریگیڈ کی تشکیل کے ذریعے غیر روائتی انداز عوامی رویوں پر بھی اثر انداز ہوا جا سکے گا کیونکہ غیر متشدد عناصر بھی جدید سوشل میڈیا کی وجہ سے جنگی حربوں کے تناظر میں اہمیت اختیار کر چکے ہیں
بشکریہ العربیہ