پورٹ سوڈان (ہمگام نیوز) سوڈان کی نیم فوجی فورسز نے دارفور میں بے گھر افراد کے کیمپ میں ایک مسجد پر ڈرون حملے کے نتیجے میں 75 افراد کو ہلاک کر دیا ہے، یہ بات اس مقام پر کام کرنے والے ایک امدادی گروپ نے بتائی۔ یہ حملہ جمعہ کے روز اس وقت ہوا جب نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز نے دارفور کے مرکزی شہر الفاشر سے فوج کو نکالنے کی کوشش کی۔ ابو شوک کیمپ میں ایمرجنسی ریسپانس روم گروپ کے مطابق، ڈرون نے ایک مسجد کو نشانہ بنایا۔ گروپ نے اپنے بیان میں کہا، “مسجد کے ملبے سے لاشیں نکالی گئیں۔” دوسری جانب سیٹلائٹ تصاویر سے واضح ہوتا ہے کہ نیم ریپڈ فورس اپنے محاصرے میں ہونے والے الفاشر میں پیش قدمی کر رہی ہے۔ تقریباً 18 ماہ سے الفاشر RSF کے محاصرے میں ہے، جو پہلے ہی شمالی دارفور کے ریاستی دارالحکومت کے کچھ حصوں پر قابض ہے۔ سوڈان کی فوج، جس کے الفاشر میں زیادہ تر مقامات مغرب میں مرکوز ہیں، اپریل 2023 سے RSF کے ساتھ ایک تباہ کن جنگ میں مصروف ہے۔