میناب (ہمگام نیوز) ایرانی مقبوضہ بلوچستان کے علاقے سیریک میں قابض ایرانی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں سوختبر گاڑی الٹنے کے بعد آگ لگنے سے دو بلوچ سوختبر جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق، جمعہ 27 نومبر 2026 کو رات تقریباً 8 بجے سیریک کے علاقے میشی بازار کے قریب قابض ایرانی فوجی اہلکاروں نے ایک سوختبر گاڑی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں گاڑی بے قابو ہوکر سڑک سے منحرف ہوئی اور الٹنے کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ گاڑی میں سوار دونوں افراد آگ کی لپیٹ میں آکر جان کی بازی ہار گئے۔
جاں بحق ہونے والے سوختبروں کی شناخت 43 سالہ امیر یلانی اور 25 سالہ سلمان (سعید) امیری کے ناموں سے ہوئی ہے۔ امیر یلانی شادی شدہ تھے، جبکہ سلمان امیری کا تعلق طاہر زہی قبیلے سے تھا۔ دونوں کا تعلق ضلع میناب کے علاقے گبرانی سے تھا اور وہیں رہائش پذیر تھے۔
ذرائع کے مطابق، میشی بازار پہنچنے سے قبل قابض ایرانی فوجی اہلکاروں نے دونوں سوختبروں کی گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کی، جس کے باعث گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر الٹ گئی اور بعد ازاں آگ کی لپیٹ میں آگئی۔ آگ کی شدت کے باعث دونوں افراد گاڑی سے باہر نکلنے میں کامیاب نہ ہوسکے اور زندہ جل کر جاں بحق ہ
وگئے۔


