شال ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کی بازیابی کیلے جاری احتجاجی کیمپ 5894 ویں دن بھی شال پریس کلب کے سامنے جاری رہا۔
اس دوران وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیرمین نصراللہ بلوچ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا
کہ تنظیمی سطح پرجبری لاپتہ صدام حسین کے کیس کو لاپتہ افراد کے حوالے سے بنائی گئی کمیشن اور صوبائی حکومت کو فراہم کردی گئی۔
انہوں نے کہا کہ کمیشن اور بلوچستان حکومت سے صدام حسین کی بحفاظت بازیابی میں کردار ادا کرنے کی اپیل بھی کیاگیا۔
واضح رہے کہ رحیمہ بی بی نے اپنے شوہر صدام حسین کرد کی جبری گمشدگی کے کوائف وی بی ایم پی کے پاس جمع کراتے وقت تنظیم سے شکایت کی کہ اسکے شوہر صدام حسین کرد ولد عبدالرحیم کو 18 اور 19 جولائی کے درمیانی شب کو کالی وردیوں میں ملبوس سی ٹی ڈی اور دیگر ملکی اداروں کے اہلکاروں نے کلی حبیب، فیض آباد سے انکے آنکھوں کے سامنے سے حراست میں لینے کے بعد جبری لاپتہ کردیا اور پولیس انکی شوہر کی جبری گمشدگی ایف آئی آر درج کررہی ہے اور نہی انہیں اسکے شوہر کے حوالے سے معلومات فراہم کئے جار ہے ہیں۔


