انقرہ(ہمگام نیوز) امریکہ کے 123 فوجی شامی باغیوں کو تربیت دینے کیلئے ترکی پہنچ گئے ،فوجی اپنے ساتھ امریکی ساختہ ہتھیار بھی لائے ہیں جن کے ذریعے باغیوں کو تربیت دی جائے گی۔ترک اخبار حریت نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ امریکی فوجیوں کے ہتھیاروں کو جنوبی صوبے عدنہ میں واقع انچرلیک ایئربیس پر منتقل کیا جارہا ہے ، اس ایئربیس پر 83 امریکی فوجیوں کو تعینات کیا جائے گا جبکہ 40 فوجیوں کو اناطولیہ میں واقع حرفانلی ایئر بیس پر تعینات کیا جائے گا۔ اخبار نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ تربیت حاصل کرنے والے باغیوں کو جنوبی صوبہ حاتے بھیجا جائے گا جہاں انہیں بھاری ہتھیاروں کے استعمال،ٹینک شکن ہتھیار،انفینٹری رائفلیں اور مشین گنیں چلانے کے متعلق بتایا جائے گا۔تربیت کے بعد باغیوں کو واپس شام بھیج دیا جائے گا جہاں وہ داعش کے خلاف لڑائی میں شریک ہوں گے ۔ واضح رہے کہ انچرلیک ایئربیس اس وقت بھی امریکی فوج کے زیر استعمال ہے ۔ ترکی نے طویل مذاکرات کے بعد امریکہ کو یہ ایئربیس استعمال کرنے کی اجازت دی تھی۔ یاد رہے کہ امریکہ نے کچھ عرصہ قبل مکمل چھان بین کے بعد 1200 شامی باغیوں کو تربیت کیلئے نامزد کیا تھا۔ان باغیوں کو داعش کے خلاف لڑنے کیلئے پینٹاگون کے منصوبے کے تحت تربیت دی جائے گی۔ منصوبے کے تحت ایک سال میں مجموعی طور پر 5 ہزار باغیوں کو تربیت یافتہ بنایا جائے گا۔شامی باغیوں کو تقریباً 400 سے زائد فوجی تربیت دیں گے جبکہ ان کی معاونت کیلئے مزید فوجیوں کو بھی بھیجا جا سکتا ہے ۔ –