دمشق:(ہمگام نیوز ) شام میں ایرانی ٹھکانوں پراسرائیلی حملوں میں اضافے کے جلو میں جمعہ کی صبح شام کے ساحل پر واقع شہر با نیاس اور اس کے نواحی علاقوں کو 3 پرتشدد دھماکوں نے ہلا کر رکھ دیا جس کے بعد علاقے میں شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔

سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے العربیہ/الحدث کو بتایا کہ حملوں میں ایک گھر کے اندر 3 ایرانی کمانڈروں کو نشانہ بنایا گیا جس میں کم از کم ایک شخص کی موت واقع ہوئی ہے۔

سمندر میں پراسرار روشنی سیرین آبزرویٹری کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمٰن نے کہا کہ ان دھماکوں سے قبل بحیرہ روم پر ایک چمک دکھائی دی تاہم وجہ کا تعین نہیں ہو سکا ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ “اس بات پر یقین کیا گیا ہے کہ شامی حکومت کے زیر کنٹرول علاقوں میں ہونے والے تمام دھماکے کا تعلق اسرائیل سے ہے۔

ایرانی گوداموں پر بمباری رامی عبدالرحمان نے نشاندہی کی کہ یہ علاقہ پہلے بھی اسرائیلی بمباری کا نشانہ بنا تھا جس میں ایرانی گوداموں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

آبزرویٹری نے اطلاع دی کہ ایک اسرائیلی ڈرون نے شام اور لبنان کی سرحد پر قصیرکے دیہی علاقوں میں لبنانی حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے ٹرک کو نشانہ بنایا جس میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔